طالبان کی تین روزہ جنگ بندی پر افغان حکومت کا ردعمل
افغانستان کی اعلی مصالحی کونسل کے سربراہ نے طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر سہ روز جنگ بندی کے اعلان کو بے معنی قراردیا ہے۔
نیوز ایجنسی آوا پریس کے مطابق اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے طالبان کی جانب سے عیدالفطر پر تین روز جنگ بندی کے اعلان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے بحران کا حل، امن مذاکرات کو تیز کرنے، دائمی جنگ بندی اور جنگ اور جھڑپوں کے مستقل خاتمے میں مضمر ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ افغانستان کا مسئلہ عسکریت پسندی کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے طالبان سے اپیل کی کہ وہ امن مذاکرات میں شریک ہوں اور دائمی جنگ بندی پر توجہ دیں۔
واضح رہے کہ افغان طالبان نے عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
طالبان نے جنگ بندی کا یہ اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب، حکومت افغانستان کی جانب سے ماہ رمضان میں جنگ بندی کی اپیلوں کے باوجود، اس گروہ نے اپنے حملے تیز کردیئے ہیں۔