یمن، جوابی حملے میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کا استعمال
یمن کی مسلح افواج نے سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ اور آرامکو کو بیک وقت میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے-
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے جمعرات کی صبح اپنے بیان میں جنوب مغربی علاقے میں سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں پر بھرپور میزائل اور ڈرون حملوں کی خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس حملے میں سات بیلسٹک میزائل اور پانچ ڈرون استعمال کئے گئے۔
یحی سریع کے بیان کے مطابق بدر اور سعیر قسم کے بیلسٹک میزائل اور قاصف کے ٹو قسم کے ڈرونز نے پہلے سے طے شدہ اہداف کو بالکل ٹھیک طریقے سے نشانہ بنایا۔
یحیی سریع نے کہا کہ یہ بڑا حملہ یمنی عوام کے مسلسل محاصرے اور سعودی فوجی جارحیت کے جواب میں انجام پایا ہے۔
انہوں نے کہا یہ ہمارا فطری اور قانونی حق ہے کہ ہم جارحین کے مقابلے میں اپنے شہریوں کا دفاع کریں۔
واضح رہے کہ یمنی فورسز کی جانب سے کئے جانے والے جوابی حملوں سے متعلق تفصیلات شدید فوجی سنسر کے سبب عام طور سے میڈیا سے چھپالی جاتی ہیں اور سعودی اتحاد ان حملوں کو شہری تنصیبات اور عام شہریوں پر کئے جانے والے حملوں سے تعبیر کرتا ہے۔ امریکہ سمیت سعودی عرب کے حلیف ممالک یمنی فورسز کے ان جوابی حملوں کی مذمت میں آئے دن بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔