افغانستان میں تخریبی کارروائیاں جاری ، کابل میں بجلی کا کھمبا تباہ
May ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
افغانستان میں بجلی سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے تخریبی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے-
شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی قومی بجلی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ شہر کابل میں دھماکا کر کے بجلی کا ایک اور کھمبا تباہ کردیا گیا ہے ۔
بجلی کے اس کھمبے کو شہر کابل کے سترہویں زون میں واقع منشی میرغلام کالونی میں تباہ کیا گیا ہے ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تخریبی کارروائی کے نتیجے میں کابل اور دیگر صوبوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے ۔
افغانستان کی قومی بجلی کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل عملہ تباہ شدہ کھمبے کو جلد سے جلد ٹھیک کر کے اسے نصب کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران افغانستان میں بجلی کے سترہ کھمبوں کو تخریبی کارروائیاں کر کے منہدم کیا جا چکا ہے ۔