May ۲۹, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  •  داعش دہشتگردوں کا صوبہ دیالہ اور بغداد میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ

داعش دہشتگردوں نے صوبہ دیالہ اور بغداد میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا ۔

السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشرقی عراق کے صوبے دیالہ میں داعش دہشتگرد گروہ کے حملے کے بعد الحشد الشعبی نے اس کامقابلہ کیا جس کے نتیجے میں حشد الشعبی کے دو جوان زخمی ہو گئے۔

داعش دہشگرد گروہ نے شمالی عراق کے الطارمیہ شہر میں عراقی فوج کی گشتی ٹیم پر بھی حملہ کیا ۔اس حملے کے بعد الطارمیہ میں داعش اور عراقی سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

درایں اثنا عراق کے سیکورٹی انفارمیشن سینٹر نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں داعش کے بارہ دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کچھ عراقی شہریوں کو داعش میں شامل ہونے کے لئے تیار کر رہے تھے۔

نومبر دوہزار سترہ میں داعش کی شکست کے اعلان کے باوجود اس گروہ کے باقیات عراق کے بعض علاقوں میں اب بھی موجود ہیں اور موقع ملنے پر کاروائیاں کر ڈالتے ہیں۔ داعش کی شکست کے باضابطہ اعلان کے بعد سے اب تک عراقی فورسز ملک کے مختلف صوبوں میں روپوش ہو چکے دہشتگردوں کے صفائے میں مصروف ہیں۔

ٹیگس