عراقی سیکورٹی فورس نے دہشت گردی کارروائی ناکام بنادی
عراقی سیکورٹی فورس نے دارالحکومت بغداد کے شمالی سیکٹر پر دہشت گردی کی ایک کارروائی ناکام بنادی ہے۔
عراقی فوجی کمانڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ داعشی عناصر دہشت گردی کی نیت سے دارالحکومت کے شمالی علاقے طارمیہ میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم سیکورٹی فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
اس سے پہلے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے بتایا ہے کہ داعش کے عناصر نے طارمیہ کے علاقے میں اس کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔
دوسری جانب عراقی انیٹیلی جینس نے داعش کے ایک اہم دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والا دہشت گرد، کاربموں کو ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کرنے میں ملوث رہا ہے۔
عراق نے سن دو ہزار سترہ میں داعش کے زیر قبضہ تمام علاقوں کو آزاد کرا لیا تھا تاہم اس دہشت گرد گروہ کے باقی ماندہ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور گاہے بگاہے عراقی شہریوں اور سیکورٹی فورس پر حملے کرتے رہتے ہیں۔