Jun ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • افغانستان: ایک اور شہر طالبان کے ہاتھوں سقوط کرگیا

افغانستان کے صوبے نورستان کا شہر دوآب طالبان کے ہاتھوں سقوط کرگیا۔

نیوز ایجنسی آوا پریس کے مطابق ، اسے ایک صوبائی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دوآب شہر جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب طالبان کے ہاتھوں سقوط کرگیا ہے۔ مذکورہ عہدیدار نے اس کی مزید تفصیلات بیان کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا یہ کام کیسے ہوا اس بارے میں وہ کچھ نہیں بتاسکتے۔

اس سے پہلے طالبان کےترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک ٹوئٹ میں دعوی کیا تھا کہ صوبہ نورستان کا صدرمقام دوآب اور ضلع مندول طالبان کے قبضے میں آگئے ہیں۔

افغانستان کی وزارت داخلہ اور دیگر سیکورٹی اداروں نے تاحال اس خبر کے بارے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ دوآب شہر، صوبہ نورستان کے مغرب میں واقع ہے اور صوبہ لغمان کے شہر دولت شاہ سے اس کی سرحدیں ملتی ہیں جو چند روز پہلے طالبان کے ہاتھوں سقوط کرچکا ہے۔

ٹیگس