اسرائیل کی کسی بھی حماقت کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں: فلسطینی استقامتی محاذ کا اعلان
فلسطین کی استقامتی تحریکوں اور استقامتی کمیٹیوں نے زور دے کر کہا ہے کہ صیہونی حکومت غزہ پٹی پر حملہ کرکے اپنے فوجیوں کے حوصلے بلند اور ایک معمولی کامیابی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
فلسطین کی اسلامی استقامتی کمیٹیوں کے انفارمیشن شعبے کے سربراہ محمد البریم نے کہا ہے کہ ہم طاقت کے توازن کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے اور صیہونی حکومت کو غزہ پٹی پر حملے کا انجام بھگتنا پڑے گا۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے غزہ پٹی کو حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے مشرقی بیت لاہیا میں استقامتی فورس کے ایک اڈے پر حملہ کیا ہے۔
محمد البریم نے زور دے کر کہا کہ مشترکہ آپریشنل کمان ہمیشہ ہی جلسے کرتی ہے تاکہ جنگی حالات کا جائزہ لے سکے اور ہم صیہونی دشمن کو ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملت فلسطین کے خلاف جرائم اور جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھے۔
درایں اثنا فلسطین کی عوامی استقامتی تحریک کے میڈیا سیل کے ترجمان محمد الدیراوی نے زور دے کر کہا ہے کہ صیہونی حکومت معمولی اور برائے نام کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ اس طرح اپنے فوجیوں کے حوصلے بلند کرسکے۔