ایران کے انتخابات ، عوامی جوش دیکھ کر سیکوریٹی افسر کی شہادت کی افواہ ، ووٹروں کو روکنے کی ناکام کوشش
ایران کے سرحدی شہرسروان میں ایک سپاہی کی شہادت کی خبر حقیقت سے عاری ہے: وزارت داخلہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت داخلہ اور اس سے وابستہ سیکورٹی ذرائع نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں ایک سرحدی گارڈ کی شہادت سے متعلق خبر کو بے بنیاد بتایا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر نے سروان شہر میں ایک پولنگ اسٹیشن کی حفاظت پر مامور محافظ کی شہادت سے متعلق خبر کے بارے میں کہا ہے سروان میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہيں آيا ہے اور میں اس طرح کے کسی بھی واقعے کی سختی کے ساتھ تردید کرتا ہوں۔
مذکورہ افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے عوام اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ اس طرح کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا مقصد عوام کو خوفزدہ کرنا ہے تاکہ وہ انتخابی عمل سے دور رہيں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس اور سیکورٹی فورس کے اقدامات اور انتظامات کے نتیجے ميں پورے ملک میں کسی بھی مقام پر کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا ہے۔
وزارت داخلہ کے اس سینئر افسر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیرونی ذرائع ابلاغ کی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔