Jun ۲۳, ۲۰۲۱ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کا غیر انسانی اقدام، ایندھن کے حامل بحری جہاز کو روک دیا

سعودی،امریکی جارح اتحاد نے یمنی عوام کیلئے ایندھن کے حامل ایک بحری جہاز کو روک دیا ہے۔

العہد کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل آئل کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس جہاز کو اقوام متحدہ نے پرمیشن دیا تھا اور سعودی جارح اتحاد کی جانب سے ایندھن کے حامل اس بحری جہاز ( حافظ ) کو روکنے کا اقدام جس میں 23 ہزار66 ٹن ایندھن ہے عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

سعودی، امریکی اتحاد اس قسم کے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے یمن میں بھوک مری پھیلانے کے ساتھ ساتھ یمنی عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے لئے اس قسم کے شیطانی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

سعودی اتحاد اب تک بارہا یمنی عوام کے لئے طبی وسائل، غذائی اشیا، دوائیں اور تیل لے جا رہے بحری جہازوں کو روک کر انہیں اپنے اختیار میں لے چکا ہے۔

یاد رہے کہ یمن کو گزشتہ چھے برسوں سے سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی وحشیانہ جارحیت کا سامنا ہے اور ساتھ ہی جارح ممالک اس ملک کا مکمل طور پر بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہیں۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے مارک لوکاک بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ یمن کو اس وقت بدترین انسانی المیہ کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود سعودی اتحاد بدستور یمنی عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

مارچ دوہزار پندرہ سے جاری سعودی جارحیت اور براہ راست حملوں کے نتیجے میں اب تک تقریبا بیس ہزار یمنی شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ جنگ اور محاصرے کے باعث پیدا ہونے والی ابتر صورتحال اور انسانی المیہ کے باعث لاکھوں افراد اب تک اپنی جان گنوا چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور بیماروں کی ہے۔

ٹیگس