انڈونیشیا میں کورونا کا قھر، تمام اسپتال مریضوں سے بھر گئے
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کی تازہ لہر نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے باعث تمام اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں کورونا وائرس کی تازہ لہر نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے باعث تمام اسپتال مریضوں سے بھر گئے اور صحت کا نظام مکمل طور پر فیل ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا میں صرف گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے 20 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسپتالوں میں کورونا وارڈز مکمل طور پر بھر گئے ہیں جب کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث طبی عملہ کم پڑ گیا ہے۔ سب سے زیادہ خراب صورتحال جکارتہ میں ہے جہاں 75 فیصد بیڈز مکمل طور پر مریضوں سے بھر گئے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ دو یا تین دن میں مریض اسپتال کی پارکنگ یا دروازے پر بستر خالی ہونے کا انتطار کرتے ہوئے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہوں گے۔
انڈونیشیا میں بالغ افراد ہی نہیں بلکہ بچوں میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، گزشتہ 6 ماہ کے دوران صرف ایک شہر میادان میں ایک ہزار 800 بچے متاثر ہوئے جن میں 14 ہلاک ہوگئے۔ انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے دوران طبی عملے کے ایک ہزار ارکان لقمہ اجل بن گئے اور اب تک اس مہلک وائرس سے اس ملک میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔