فلسطینی اتھارٹی فتنہ انگیزی کر رہی ہے، حماس و جہاد اسلامی کا انتباہ
فلسطین کے استقامتی گروہوں جہاد اسلامی اور حماس نے فلسطینی اتھارٹی کے سیکورٹی اداروں پر فتنہ انگیزی کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ فلسطینی قوم کی نمائندگی نہیں کرتی۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی، عوام کی نمائندہ نہیں رہی اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
فلسطینی انتظامیہ کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق اور جمہوریت کے لئے کام کرنے والے فلسطینی رہنما نزار خلیل محمد بنات کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے کہا کہ ان کا قتل کم ترین انسانی اور اخلاقی قدروں کے منافی ہے۔
حماس کے رہنما حازم القاسم نے بھی فلسطینی اتھارٹی کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں نزار بنات کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے، اسے مجرمانہ فعل قرار دیا ہے۔ حماس نے واضح کیا کہ انٹیلی جینس ایجنسیاں فلسطین کو کشیدگی اور جھڑپوں میں الجھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور سادہ لباس والوں کے ہاتھوں مظاہرین کی سرکوبی اس کی واضح مثال ہے۔
واضح رہے کہ سادہ لباس میں ملبوس، فلسطینی اتھارٹی کے پچیس اہلکاروں نے، جمعرات کی صبح سویرے، نزار بنات کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زد و کوب کیا اور گرفتاری بعد انہیں قتل کر ڈالا۔
یہ بھی دیکھئے: رام اللہ؛ مظاہرین اور فلسطینی انتظامیہ کی سکیورٹی فورسز میں جھڑپیں