Jun ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • وطن واپسی فلسطینی پناہ گزینوں کا مسلمہ حق ہے/ اب وہ زمانہ نہیں کہ جب صیہونی دشمن چاہے غزہ پر حملہ کر دے: فلسطینی رہنما

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ستر لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی ان کا قانونی حق ہے جس سے ہرگز چشم پوشی نہیں کی جا سکتی۔

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بدھ کے روز فلسطینی گروہوں کے نمائندوں اور فلسطینی شہری حقوق کے سرگرم عمل کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کے ستر لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی انکا اپنا قانونی حق ہے جس سے ہرگز چشم پوشی نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی سودے بازی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف سیف القدس جنگی کارروائی کے بارے میں بھی کہا کہ اس جنگ نے فلسطین کے اندر اور باہر تمام فلسطینیوں کو غاصب صیہونی حکومت کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر لا کھڑا کر دیا ہے اور تمام فلسطینیوں نے استقامت اور القسام کے کمانڈر محمد الضیف کی حمایت میں نعرے لگائے ہیں۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ تحریک استقامت غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں بے پناہ قوت اور طاقت کی حامل ہے جو دفاع کے میدان میں طاقت کا اپنا لوہا منوانے اور صیہونی غاصبوں کی ہر قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کی بھرپور توانائی رکھتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، جو سازش بھی رچانا چاہے رچا لے مگر غزہ کی تعمیرنو ہو کے رہے گی۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ، رواں ہفتے اتوار کے روز لبنان پہنچے ہیں اور اب تک وہ لبنان کے صدر میشل عون، نگراں وزیر اعظم حسان دیاب، پارلیمانی اسپیکر نبیہ بری اور حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے الگ الگ ملاقات و گفتگو کر چکے ہیں۔

دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے دیگر ملکوں سے فلسطین  میں اسلحے کی منتقلی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استعمال کئے جانے والے بیشتر ہتھیار خود اپنے بنائے ہوئے ہیں۔

زیاد النخالہ نے سیف القدس جنگی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ اس بات کا موجب بنی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اب غزہ کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے بارے میں ہزار بار سوچے گی، اس لئے کہ اب اسے ہر طرح کی جارحیت کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایریل شیرون کے زمانے کا وہ دور اب گزر چکا ہے کہ جب بھی وہ چاہتا، غزہ پر حملہ کر دیتا تھا۔

ٹیگس