افغانستان، ہرات کے بعض علاقوں سے افغان فوجیوں کی پسپائی
افغانستان کے فوجی اہلکاروں نے صوبے ہرات میں کشک کہنہ اور زندہ جان نامی علاقوں سے پسپائی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہرات کی فوجی کونسل نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی فورس میں یکجہتی پیدا کرنے اور عام شہریوں کا جانی نقصان بچانے کی غرض سے کشک کہنہ اور زندہ جان علاقوں سے فوجی اہلکاروں کو واپس بلا کر دیگر مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کی رات ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ طالبان نے کشک کہنہ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
ہرات کی فوجی کونسل نے اسی طرح یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ہرات کے پشتون زرغون کے علاقے میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کاروائی میں طالبان کے بیس افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ اس کونسل کے اعلان کے مطابق ہرات کے ولسوالی شینڈنڈ میں طالبان کے حملے کو پسپا بھی کر دیا گیا جس میں طالبان کو خاصا نقصان بھی پہنچا۔