یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملے جاری
جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو بائیس بار الحدیدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے الجاح اور الجبلیہ نامی علاقوں پر جارحانہ پروازیں انجام دے کر ایک بار پھر اس علاقے میں جنگ بندی معاہدے کو پامال کیا۔
جارح سعودی اتحاد کے طیاروں نے الحدیدہ کے المنطر اور الدریھمی علاقوں کی فضاؤں میں بیس بار پرواز انجام دی۔ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں صوبہ الحدیدہ میں چودہ بار حملے اور پچاسی بار فائرنگ کی۔
سعودی عرب امریکہ متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف وحشیانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔یمن کے خلاف سعودی عرب کے براہ راست حملوں میں اب تک قریب ۲۰ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر اور دربدر ہوگئے ہیں۔