شام ؛ بشاراسد کی حلف برداری کے موقع پر ادلب میں کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی سازش پر روس کا انتباہ
Jul ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
روس کی وزارت دفاع نے شام میں بشار اسد کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر دہشت گردوں کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں سے ممکنہ حملہ کئے جانے کی سازش کی خبر دی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے رپورٹ دی ہے کہ تحریرالشام کے دہشت گرد عناصر بشار اسد کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر کم کشیدگی والے علاقے ادلب میں کیمیائی حملہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
شام میں متحارب فریقوں میں امن و صلح کے روسی مرکز کے سربراہ نے بھی تاس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ تحریرالشام کے دہشت گرد عناصر بشار اسد کی حلف برداری کے موقع پر ادلب میں کیمیائی حملہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شام کے صدر بشاراسد نے ایک اور دور کے لئے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔