افغانستان میں اسکول اور اسپتال پر امریکہ کی بمباری
امریکہ نے افغانستان کے صوبے ہلمند میں ایک اسکول اور اسپتال پر بمباری کی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبہ ہلمند کے صدر مقام لشکرگاہ میں غیر ملکی اور افغان فوج کے ہوائی حملے میں ، محمد نواز خان نامی اسکول نشانہ بنا ہے۔حکومت افغانستان نے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب طالبان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نےگزشتہ شب صفیان نامی اسپتال پر بمباری کی ہے جس میں عام شہری مارے گئے ہیں ۔ بیان میں امریکی بمباری میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ تازہ اقدامات سے امریکہ کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے۔
افغانستان کے مختلف شہروں میں سرکاری افواج اور طالبان کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ طالبان نے صوبہ قندوز کے مرکزی شہر پر حملہ کرکے سولہ افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ طالبان کے حملے کے پیش نظر بڑی تعداد میں عام شہری قندوز سے فرار ہو رہے ہیں اور شہر قندوز پر طالبان نے مکمل قبضہ کرلیا ہے۔اس سے پہلے خبروں میں کہا گیا تھا کہ طالبان نے صوبہ سرپل کے صدر مقام سرپل شہر پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔