Aug ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • افغانستان کے متعدد صوبائی مراکز پر طالبان کا قبضہ

افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے شہر فیض آباد پر بھی طالبان کا قبضہ ہوگیا ہے۔

طالبان نے صوبہ بدخشاں کے صدر مقام فیض آباد پر قبضہ کرلیا ہے اور سرکاری افواج نے صوبہ تخار کے ضلع فرخار کی جانب پسپائی اختیار کرلی ہے۔ صوبہ بدخشاں، جمعیت اسلامی افغانستان کا مرکز اور برہان الدین ربانی کا آبائی وطن ہے ۔ برہان الدین ربانی کی زیرقیادت جمعیت اسلامی افغانستان گذشتہ پچیس برسوں سے طالبان کا مخالف گروہ سمجھا جاتا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان کے افراد شہر فیض آباد میں داخل ہوچکے ہیں اور بہت سے علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ بدخشاں کے سرکاری حکام اور جمعیت اسلامی افغانستان نے ابھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کہا ہے تاہم اگر اس خبر کی تصدیق ہوجاتی ہے تو فیض آباد طالبان کے قبضے میں آنے والا افغانستان کا نواں صوبائی صدر مقام ہوگا۔

طالبان گروہ شبرغان ، نیمروز، قندوز، سرپل ، سمنگان ، پلخمری ، تخار اور فراہ پر اس سے پہلے ہی قبضہ کرچکا ہے جبکہ غزنی ، ہلمند، قندہار اور ہرات اس کے محاصرے میں ہیں۔

ٹیگس