Aug ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • ہماری تیز رفتار پیش قدمی ہماری محبوبیت کی دلیل ہے: طالبان کا انوکھا دعوا

طالبان نے اپنی تیز رفتار پیش قدمی کو افغانستان میں اپنی محبوبیت کی دلیل قرار دیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان گروہ نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کر کے افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اپنے موقف کو واضح کرنے کی کوشش کی۔ طالبان نے اپنے بیان میں دعوا کیا ہے کہ پڑے پیمانے پر حاصل ہونے والی تیز رفتار پیش قدمی اور ملک کے مختلف علاقوں اور صوبائی مراکز پر کنٹرول طاقت کے بل پر ممکن نہیں تھا اور یہ صرف افغان عوام کے درمیان انکی محبوبیت کے طفیل میں ممکن ہو پایا ہے۔

طالبان نے اپنے بیان میں تمام پڑوسی ممالک کو اطمینان دلانے کی کوشش کی ہے کہ وہ انکے لئے کسی قسم کی کوئی مشکلات طالبان کی جانب سے پیش نہیں آئیں گی اور ساتھ ہی تمام سفارتکار، سفارتی عملے اور قونصل خانوں کے ملازمین کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

طالبان نے مزید کہا کہ وہ اپنے ہموطن افغان عوام کی جان مال اور عزت و آبرو کا بقول انکے ہمیشہ کی طرح خیال رکھیں گے اور انکے لئے ایسا پر امن ماحول فراہم کریں گے کہ جس میں کسی کو کوئی تشویش لاحق نہ ہو۔ ساتھ ہی طالبان نے اپنے جنگجوؤں سے اپیل کی کہ وہ بیت المال کے تحفظ پر خاص توجہ دیں کیوں کہ عمومی و بنیادی تنصیبات، سرکاری ادارے، وسائل، پارک، سڑکیں اور پل وغیرہ سبھی امانت کا درجہ رکھتے ہیں۔

طالبان کا یہ بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ سرکاری فورسز کے ساتھ انکی خونیں جھڑپوں کے بعد پورے ملک میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے اور لاکھوں لوگ اپنی جان کے خوف سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ طالبان کو امریکی حمایت حاصل ہے اور وہ امریکیوں کے اعلانِ انخلا کے بعد سے جو کچھ ملک میں کر رہے ہیں وہ امریکہ کے ساتھ انکے ایک خفیہ معاہدے کا حصہ ہے۔

ٹیگس