یمنی حکومت کو اقوام متحدہ کے مثبت پیغام کا انتظار
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے کہا ہے کہ صنعا کو قومی حکومت کے قائد کے امن منصوبے کے بارے میں اقوام متحدہ اور اس کے خصوصی ایلچی کے مثبت پیغام کا انتظار ہے۔
صنعا میں اعلی سیاسی کونسل کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم قومی حکومت کے قائد عبدالملک بدرالدین الحوثی کے امن منصوبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے نئے نمائندے کو اپنے پیشرو حضرات کی غلطیوں کو دہرانے اور مسائل کو صفر سے شروع کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اقوام متحدہ کے نئے نمائندے یمن کے محاصرے کو ختم کرانے پر توجہ دیں اور اپنے مشن کی انجام دہی میں جو مدد انہیں درکار ہے اس میں جارح ممالک پر ہرگز بھروسہ نہ کریں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے جارح ملکوں کو ملک کے مختلف صوبوں، خاص طور سے صوبہ الحدیدہ اور اس کے ساحلی علاقوں میں انسانی المیے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جارح ممالک امن کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اور انہوں نے محاصرے اور پابندیوں کے ساتھ ساتھ اقتصادی جنگ میں دوگنا شدت پیدا کردی ہے۔