Aug ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • تل ابیب کی ظالمانہ پالیسیوں پر فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم کا انتباہ

فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم نے غرب اردن اور بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کی جاری ظالمانہ پالیسیوں کے خطرناک نتائج پر انتباہ دیا ہے۔

وفا نیوز کی رپورٹ کے مطابق  فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ خاص طور سے غرب اردن اور بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ غرب اردن کے علاقے میں رہائشی مکانات کو مسمار اور فلسطینی نوجوانوں کا قتل عام کیا گیا ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم نے غرب اردن، بیت المقدس اور دیگر علاقوں میں صیہونیوں کے بڑھتے ہوئے جرائم، غزہ کے  محاصرے، غزہ کی تعمیر نو کے عمل کی مخالفت اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے لئے فلسطینیوں کی زمینیں قبضائے جانے نیز غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس میں ہزاروں ایکڑ زمینوں کو قبضانے کے لئے فنڈ قائم کئے جانے کی شدید مذمت کی۔

انھوں نے اس سلسلے میں اور اسی طرح مقدس اسلامی و عیسائی مقامات منجملہ مسجدالاقصی اور حرم ابراہیمی کے خلاف صیہونی جرائم روکے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت، مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار اور صیہونی بستیوں کی توسیع کر کے بحران کو شدید سے شدید تر بنانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اس کے یہ جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔

ٹیگس