کابل ہوائی اڈے پر خودکش دھماکہ، دسیوں ہلاک و زخمی
کابل ہوائی اڈے کے قریب دھماکے کی خبریں موصول ہوئی ہیں جن میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کابل میں موجود بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے خبر دی ہے کہ ہوائی اڈے کے اطراف میں جہاں مسافروں کا ایک ہجوم ہے دھماکہ ہوا ہے اور فائرنگ کی بھی آواز سنی گئی ہے-
طالبان کے ایک عہدیدار نے الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں کہا کہ کابل ہوائی اڈے کے قریب ایک خود کش حملے میں کم سے کم تیرہ افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ ہوائی اڈے کے ایک گیٹ پر ہوا ہے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں-
الجزیرہ ٹی وی نے یہ بھی خبردی ہے کہ فرانس کے سفیر نے ایک ٹوئٹ کرکے دوسرے دھماکے کی بھی اطلاع دی ہے- امریکی وزارت جنگ پنٹاگون نے بھی کابل ہوائی اڈے پر ہونے والے دھماکے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مرنے والوں کی صحیح تعداد کا ابھی اندازہ نہیں ہوسکا ہے-
اس سے قبل امریکا اور بعض مغربی ملکوں نے کہا تھا کہ کابل ہوئی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور یہ انتباہ بذات خود قابل غور ہے۔