کابل ہوائی اڈے کے قریب ایک اور حملہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے کے قریب ایک بار پھر راکٹ سے حملہ ہوا ہے جس میں کم سے کم چھے افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں
کابل سے موصولہ خبروں کے مطابق ہوائی اڈے کے قریب راکٹ حملے میں کم سے کم چھے افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے ہیں - مرنے والوں میں چار بچے بتائے جارہے ہیں -
افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ یہ حملہ کابل ہوائی اڈے کے مغربی علاقے خواجہ بغرا میں ہوا - راکٹ ایک رہائشی علاقے میں گرا اور اس کے بعد ہوائی اڈے کی جانب ایک میزائل بھی فائر کیا گیا -
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ایک حملہ آور گاڑی میں سوار ہو کر کابل ہوائی اڈے پر خودکش حملہ کرنا چاہتا تھا اور راکٹ حملے میں اسی خودکش بمبار کو نشانہ بنایا گیا ہے -
کابل ہوائی اڈے پر پچھلے تین روز کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے -
اتوار کو ہونے والا یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب امریکی صدر بائیڈن نے چند گھنٹے قبل کہا تھا کہ کابل ہوائی اڈے پر آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹے میں بڑا دہشت گردانہ حملہ ہوسکتا ہے -
امریکا نے جمعرات کے دہشت گردانہ حملے سے قبل بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا -
مبصرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملوں کی امریکا کی جانب سے پیشین گوئی ایک قابل غور نکتہ ہے۔