Sep ۰۶, ۲۰۲۱ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجی سرکشی پر اتر آئے

حماس نے فلسطینی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کی خاطر بڑی تعداد میں وہاں آکر اجتماع کریں۔

اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں تعینات فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ صیہونیوں کی مذہبی عیدوں کے موقع پر مسجد الاقصیٰ میں انکی دراندازی کو روکنے کے لئے مسجد میں آکر بڑا اجتماع کریں۔

حماس کے ترجمان نے کہا کہ اگر صیہونی مسجد الاقصیٰ میں اپنی عید کے موقع پر کسی بھی قسم کی غلط حرکت کرتے ہیں تو اسکے جواب میں فلسطینی اکٹھا ہو کر اُس دن کو یوم غضب میں تبدیل کر دیں۔

محمد حمادہ نے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں مسجد الاقصیٰ میں اکٹھا ہوں اور وہاں اعتکاف پر بیٹھ جائیں تاکہ صیہونی دشمن کو یہ معلوم ہو جائے کہ یہ مسجد تنہا نہیں اور اسکے دفاع کے لئے فلسطین کے جاں بکف نوجوان آمادہ ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سیکڑوں صیہونی فوجی اپنے کمانڈروں کی نافرمانی پر اتر آئے ہیں۔

فلسطینی ذرائع نے صیہونی ٹی وی چینل 'کان' کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیکڑوں صیہونی فوجیوں نے اپنے کمانڈروں کے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے فلسطینی شہریوں کی جانب فائرنگ پر مبنی اپنے احکامات واپس لیں اور انہیں قدرے آزادی کے ساتھ فائرنگ کرنے کا موقع دیں۔

صیہونی فوجیوں کی یہ سرکشی اُس وقت شروع ہوئی جب مقبوضہ علاقوں سے ملنے والی غزہ کی سرحدوں پر صیہونی فوج کا ایک اسنائپر ایک فلسطینی کی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا تھا۔

 

ٹیگس