طالبان کے سامنے منظوری کا بحران، مرکل کو دی افغانستان کے دورے کی دعوت
Sep ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
طالبان کے ترجمان نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کو افغانستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی ہے۔
آوا نیوز کے مطابق، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جرمنی کے اخبار ییلڈ سے انٹرویو میں دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم برلن کے ساتھ مضبوط اور سرکاری سفارتی تعلقات نیز مالی اور انسانی امداد چاہتے ہیں-انہوں نے کہا کہ طالبان چاہتے ہیں کہ جرمن حکومت سے اس کے بہترین تعلقات اور سبھی شعبوں میں تعاون ہو۔
طالبان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ کچھ دن پہلے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے خطے کے اپنے دورے میں کہا تھا کہ اگر سیاسی لحاظ سے ممکن ہوا تو جرمنی کابل میں اپنا سفارتخانہ پھر سے کھول سکتا ہے لیکن اس کا مطلب طالبان کی حکومت کو منظوری دینا نہیں ہے۔