احمد مسعود کی افغان عوام سے طالبان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل، پنجشیر پر طالبان کے کنٹرول کو کیا مسترد، کہا ہم ڈٹے ہوئے ہیں
افغانستان کے قومی استقامتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے افغان عوام سے طالبان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، احمد مسعود نے فیس بک پر اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انکی کمان میں لڑنے والے فوجیوں نے پنجشیر کے علماء کے کہنے پر جنگ روک دی تھی لیکن طالبان نے اپنے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگ جاری رکھی۔
انہوں نے پنجشیر میں طالبان کے قبضے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انکی فوجیں تا حال طالبان کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں اور پنجشیر کے اسٹریٹیجک حصے میں موجود ہیں، البتہ اتوار کو طالبان سے لڑائی میں ان کے خاندان کے بھی کچھ لوگ مارے گئے ہیں۔
اپنے پیغام میں احمد مسعود نے کہا کہ عالمی برادری طالبان کو عسکری و سیاسی طور پر مضبوط ہونے کا موقع فراہم کر رہی ہے، حالانکہ طالبان بدلے نہیں بلکہ پہلے سے زیادہ شدت پسند ہیں۔
دوسری طرف طالبان نے وادی پنجشیر کا کنٹرول پوری طرح اپنے ہاتھ میں لے لینے کا دعوی کیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوا کیا کہ طالبان نے وادی پنجشیر کا مکمل طور پر کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور ملک کو جنگ کی دلدل سے نکال کر انہیں بقول انکے آزادی سے ہمکنار کر دیا ہے۔