Sep ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • افغانستان کے صوبے بلخ میں مظاہروں کی رپورٹنگ پر پابندی

افغانستان میں طالبان نے مظاہروں کی رپورٹنگ کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی افغانستان میں طالبان کے ثقافتی امور کے انچارج ذبیح اللہ نورانی نے بلخ کے ذرائع ابلاغ سے کہا ہے کہ وہ احتجاجی  مظاہروں کی کوریج کرنا بند کر دیں۔ نورانی نے کہا ہے کہ مظاہروں کی رپورٹنگ کی بنا پر بعض گروہوں کی جانب سے مظاہرین پر حملہ کرنے کا خطرہ پایا جاتا ہے۔

افغانستان میں شہید احمد شاہ مسعود کی برسی کے موقع پر طالبان مخالف کمانڈر احمد مسعود کی جانب سے لوگوں سے طالبان کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل اور مختلف علاقوں میں طالبان مخالف مظاہرے شروع ہونے کے بعد طالبان عناصر نے سختی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی ہے۔ 

دوسری جانب مزار شریف میں گرفتار کئے جانے والے مظاہرین کے اہل خانہ و لواحقین نے گرفتار کئے جانے والے اپنے افراد کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مزار شریف کے لوگوں نے پاکستان کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا تھا جہاں طالبان نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیاتھا اور اڑتالیس گھنٹے گزرجانے کے باوجود گرفتار کئے جانے والے ان مظاہرین کا اب تک کوئی پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں ۔

ٹیگس