طالبان کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ
افغان طالبان نے عبوری کابینہ کی تقریب حلف برداری کا پروگرام منسوخ کردیا ہے۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ عبوری کابینہ کی حلف برداری کے لیے تقریب کا انعقاد ہمارے ایجنڈے میں شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری کے غیر ملکی مہمانوں کی آمد اور پروٹوکول کے انتظامات کے لیے کافی وقت درکار تھا۔
اس سے پہلے آمدہ خبروں میں کہا گیا تھاکہ طالبان کابینہ کی تقریب حلف برداری گیارہ ستمبر کے واقعے کی برسی کے موقع پر ہوگی۔ طالبان کے کلچرل کمیشن کے رکن انعام اللّٰہ سمنگانی نے بھی کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے کوئی تقریبِ حلف برداری منعقد نہیں کی جا رہی۔انہوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ طالبان کابینہ کی تقریب حلف برداری گیارہ ستمبر ہونا تھی جسے اب منسوخ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مغربی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ طالبان نے گیارہ ستمبر کو نئی کابینہ کی تقریب حلف برداری منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔