چاروں قیدی سر اٹھا کر رہا ہوں گے ، فرار کے بعد دوبارہ گرفتار ہونے والے قیدیوں کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ، القسام بریگیڈ کا بڑا اعلان
فلسطین کی استقامتی تنظیم حماس کی فوجی شاخ القسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائيل کے ساتھ اب قیدیوں کے تبادلے کا کوئي بھی معاہدہ ، ان چار فلسطینی قیدیوں کے بغیر نہيں ہوگا جنہيں فرار کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گيا ہے ۔
القسام بریگيڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے الاقصی ٹی وی چینل پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ آزادی کی سرنگ کے جیالے ، عنقریب سر اٹھائے ہوئے اسرائيلی جیل سے باہر نکلیں گے اور القسام بریگيڈ نے یہ عہد کر لیا ہے کہ ان بہادروں کے بغیر ، اسرائيل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا کوئي معاہدہ نہيں ہوگا۔
واضح رہے فلسطینیوں نے آزادی کی سرنگ اس سرنگ کا نام رکھا ہے جو کچھ دنوں قبل ، فلسطینی قیدیوں نے کھودی تھی اور اس کی مدد سے چھے فلسطینی قیدی، اسرائيلی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم اسرائيلی پولیس نے ان میں سے چار کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے ۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ اگر اس بار آزادی کی سرنگ کے جیالوں نے خود کو زمین کے اندر سے آزاد کیا تھا تو ہم ان سے اور اپنے حریت پسند قیدیوں سے وعدہ کرتے ہيں کہ وہ بہت جلد زمین پر سر اٹھا کر چلتے ہوئے آزاد ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ جیالوں کی دوبارہ گرفتاری سے، ان کے کارنامے کی عظمت پر کوئي اثر نہيں پڑتا اور صیہونی سیکوریٹی اداروں کی فضیحت اور شرمندگی کسی سے ڈھکی چھپی نہيں ہے ۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے ان قیدیوں کے شہروں ، جنین اور غرب اردن میں اسرائيلی دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ القسام بریگیڈ زور دے کر کہتا ہے کہ جینن اور اس کے انقلابی ، اکیلے نہيں ہيں اور ہم دشمن کو ان کے خلاف جارحیت کی اجازت نہيں دیں گے اور اگر ایسا ہوا تو ہم اپنے قومی فریضے پر عمل کریں گے۔
واضح رہے اسرائيل کی بے حد محفوظ سمجھی جانے والی جیل جلبوع سے چھے فلسطینی قیدیوں کے فرار کے بعد ، صیہونی حکام نے جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر سختی بڑھا دی ہے ۔