اربیل میں موساد کے ٹھکانے پر خودکش ڈرون حملہ
عراق کے اربیل ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کی خبروں کے بعد اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس حملے میں موساد کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اربیل میں موساد کے ٹھکانے پر کم سے کم دو خودکش ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گيا ہے ۔
عراق کا کردستان علاقہ بے حد پیچیدہ ہے اور اس علاقے میں علیحدگی پسندوں سے لے کر امریکی فوجیوں اور صیہونی جاسوس تک موجود ہيں ۔
ہفتے کی شام عراقي ذرائع ابلاغ نے ، عراق کے کردستان علاقے کے اربیل ایئرپورٹ پر کئي دھماکوں کی خبر دی تھی جس کے بعد یہ خبر آئی کہ یہ حملہ امریکی اتحاد کی ٹھکانے پر کیا گيا تھا اور اس حملے کے لئے تین ڈرون طیارے استعمال کئے گئے تھے جس کی وجہ سے اربیل ہوائي اڈے کو کئي گھنٹوں کے لئے بند کر دیا گیا تھا ۔
امریکی اتحاد نے اس حملے کی تصدیق کی تھی اور دعوی کیا تھا کہ حملے سے کسی طرح کا کوئي نقصان نہیں پہنچا۔ در ایں اثنا لبنان کے المیادین ٹی وی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ہفتے کے روز اربیل ہوائي اڈے کے شمالی حصے میں جس مقام کو ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گيا تھا وہ اسرائيل کی خفیہ ایجنسی موساد کا اڈا تھا ۔
با خبر ذرائع نے بتایا کہ موساد کے جاسوسی کے اڈے کو میزائیلوں اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گيا ۔
اس سے قبل عراقی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ اربیل ایئرپورٹ پر امریکی فوجی اڈے سے بھیانک دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہيں جبکہ کردستان -24 ٹی وی نے بتایا تھا کہ یہ حملہ کم سے کم تین ڈرون طیاروں سے کیا گيا تھا ۔
اربیل میں اس سے پہلے بھی موساد کے خفیہ ٹھکانے پر حملہ ہو چکا ہے ۔