Sep ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • استقامت ہی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے، فلسطینی قوم کو تسلیم ہونے پر مجبور کرنے کا زمانہ گیا: حماس

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ جلبوع جیل سے بہادر فلسطینی قیدیوں کے فرار سے ثابت ہوگیا ہے کہ مزاحمت ہی سرزمین فلسطین کو غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا واحد راستہ ہے۔

حماس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں، غزہ سے صیہونی حکومت کی ذلت آمیز پسپائی کی سالگرہ کے موقع پر جلبوع جیل سے فلسطینی قیدیوں کے فرار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کی مزاحمت نے غاصبوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم جھکنے والی نہیں ہے بلکہ استقامت کی طاقت اور تیاری میں روز بروز اضافہ کرتی رہے گی۔ حماس کے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ فلسطینیوں نے جنگ سیف القدس کے دوران اپنے وطن کی آزادی اور صیہونی دشمن کو نکال باہر کرنے کے لیے ایک ہمہ گیر جنگ کا عملی نمونہ پیش کیا ہے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ تحریک استقامت کے ہاتھوں ناقابل تلافی نقصانات اٹھانے اور ذلت آمیز پسپائی کے بعد غاصبوں نے غزہ کو جھکانے اور اس کی طاقت دبانے کے لیے اس علاقے کا برسوں سے محاصرہ کر رکھا ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ صیہونی دشمن محاصرے، غیرقانونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی علاقوں کو یہودی رنگ دینے کے ذریعے فلسطینی قوم کو جھکانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ فلسطینی  قوم پر اپنی منشا اور مرضی  مسلط کرنے کا دور اب لد چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ سے پسپائی کے واقعے سے سبق حاصل کرتے ہوئے سرزمین فلسطین سے بھاگنے کی تیاری کرے۔

ٹیگس