ایرانی تیل ٹینکرز لبنان پہنچے+ ویڈیو
لبنانی میڈیا نے آج صبح ویڈیو جاری کرکے خبر دی ہے کہ ایرانی تیل لئے ٹینکرز ملک میں داخل ہوگئے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان-24 چینل نے ویڈیو جاری کرکے کہا کہ الھرمل کے حوش السید علی نامی علاقے میں ڈیزل سے لدے ہوئے ٹینکرز پہنچ گئے۔
المنار چینل نے بھی اس خبر کی تائید کرتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے 20 تیل ٹینکرز لبنان کی سرزمین میں داخل ہوگئے ہیں۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے بیان میں سید حسن نصراللہ نے کہا: مجھے یہ اطلاع ملی کہ بعلبک کے الہرمل میں عوام جمعرات کو ایرانی ٹینکروں کے استقبال کے لئے اکٹھا ہونگے، لیکن میں مذکورہ علاقے میں حزب اللہ کے ذمہ دار افراد اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی سلامتی کے پیش نظر اور ایندھن کے انتقال کے عمل کو آسان بنانے کے لئے بھیڑ کی شکل میں اکٹھا نہ ہوں۔
سید حسن نصراللہ نے پیر کے روز اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات سے لدا پہلا جہاز رواں ہفتے شام کی بانیاس بندرگاہ پر پہونچ گیا ہے اور جمعرات سے ایندھن کے انتقال کا عمل شروع ہو جائے گا۔