Sep ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۳۹ Asia/Tehran
  • ادلب کے ڈی اسکلیشن زون پر دہشتگردوں کے 38 حملے

شام کے کشیدگی کم کرنے والے علاقوں (ڈی اسکلیشن زون) میں تکفیری و دہشتگرد تنظیم جبہت النصرہ کے حملے جاری ہیں۔

حمیمیم چھاؤنی میں روس کے نگراں مرکز نے ایک بیان میں بتایا کہ جبہت النصرہ کے دہشتگردوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں ادلب کے ڈی اسکلیشن زون پر 38 بار حملے کئے۔

اس رپورٹ کے مطابق، تکفیری دہشتگردوں نے صوبے حلب کے کئی علاقوں پر بھی حملے کئے۔ گذشتہ اتوار کو حمیمیم چھاؤنی کے نگرانی کرنے والے مرکز نے لاذقیہ، حماہ اور ادلب صوبوں پر جبہت النصرہ کے دہشتگردوں کے 29 حملوں کی خبر دی تھی۔

ادلب میں ڈی اسکلیشن زون میں حلب، حماہ اور لاذقیہ صوبوں کے بھی کچھ حصے شامل ہیں۔ ان علاقوں میں ترکی کے حمایت یافتہ جبہت النصرہ سمیت مسلح عناصر موجود ہیں۔

شام اور ترکی کی فورسز کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے درمیان 5 مارچ 2020 کو ماسکو میں شام کے شمالی صوبے ادلب میں جنگبندی پر اتفاق ہوا تھا۔

شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک فورسز ادلب کے کچھ علاقوں میں موجود ہیں اور دہشتگرد گروہوں کی حمایت کر رہی ہے۔ شامی حکومت اپنے ملک کی سرزمین پر ان فورسز کی موجودگی کو غاصبانہ قبضہ مانتے ہوئے انکے نکلنے پر تاکید کرتی ہے۔

ٹیگس