Sep ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری پر جہاد اسلامی اور حماس کا پیغام

فلسطین کے جہادی گروہوں نے صیہونی جیل سے فرار کرنے والے دو دیگر فلسطینی قیدیوں کی صیہونیوں کے ہاتھوں دو بارہ گرفتاری پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ہرممکن طریقے سے فرار ہونے والے چھے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرا لیا جائے گا۔

تحریک جہاد اسلامی نے جلبوع جیل سے فرار کرنے والے چھے فلسطینی قیدیوں کی صیہونیوں کے ہاتھوں دوبارہ گرفتاری کے بعد اعلان کیا ہے کہ صیہونی جیل کے حکام جلد ہی ان بہادر فلسطینی قیدیوں کو اپنے ہاتھوں سے آزاد کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تحریک جہاد اسلامی کے رہنما شیخ خضر عدنان نے اتوار کو کہا کہ جنین کی ہائی سیکورٹی کی حامل جلبوع جیل سے اپنی جان بچا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری سے اس جیل سے آزادی کی کارروائی میں غاصبوں کی ناکامی کو مٹایا نہیں جا سکتا۔

جہاد اسلامی کے رہنما نے زور دے کر کہا کہ جو غاصب کو شکست سے دوچار کرکے آزاد ہوتا ہے وہ بخوبی جانتا ہے کہ اسے دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے لہذا وہ اس سے زیادہ بڑی چیز کے لئے تیاری کرتا ہے۔

خضرعدنان نے فلسطینی عوام سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں بالخصوص ان قیدیوں کی جو انفرادی سیل میں ہیں اور جنھیں بری طرح  تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے  یا جو بھوک ہڑتال پر ہیں ، ان کی حمایت جاری رکھیں۔

 تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بھی اعلان کیا ہے کہ آزادی ٹنل کے جیالوں کی دوبارہ گرفتاری کے باوجود یہ کارروائی فلسطینی مجاہدین کے عزم و ارادے کے سامنے صیہونی حکومت کے سیکورٹی سسٹم کی کمزوری کی ناقابل انکار دلیل کے طور پر باقی رہے گی۔

 فلسطین کی استقامتی تحریک حماس نے اعلان کیا کہ جو کام جلبوع جیل کے چھے قیدیوں نے کیا وہ دلیری و بہادری ، عظیم جہاد اور ایک بڑی کامیابی تھی اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ میں ایک کارنامے کے طور پر درج ہوگی۔

واضح رہے تحریک فتح کے ایک اور تحریک جہاد اسلامی کے پانچ قیدی جنھیں صیہونی حکومت نے طویل مدت قید کی سزا دی تھی ، سات ستمبر کو شمالی مقبوضہ فلسطین کی جلبوع جیل سے جوسیکورٹی کے لحاظ سے نہایت اہم شمار ہوتی ہے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔

درایں اثنا اتوار کی صبح بھی غاصب صیہونی فوجیوں نے بڑی تعداد میں جنین کیمپ پر حملہ کیا اور وہاں رہائش پذیر فلسطینیوں کو زدوکوب کیا ۔ صیہونی فوجیوں نے اس کیمپ پر یلغار کر کے دو فلسطینی قیدیوں کو بھی گرفتار کرلیا جو تیرہ روز قبل اپنے چار ساتھیوں سمیت ہائی سیکورٹی جلبوع جیل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس