بحرینی عوام بدستور ریفرینڈم کے خواہاں، آل خلیفہ بدستور تاناشاہی پر مُصر
بحرین میں چودہ فروری کے اتحاد نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے مطالبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق بحرین کے انقلابی جوانوں کی چودہ فروری نامی تنظیم نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ملک میں ریفرنڈم ایک اسٹریٹیجک ضرورت ہے۔
تنظیم نے ریفرنڈم کے انعقاد کے سلسلے میں یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ بحرین کے انقلابی اتحاد نے کہا ہے کہ بحرین کے حالات، اس بات کے متقاضی ہیں کہ قوم اور تمام عوامی گروہ، آل خلیفہ حکومت کی ناپاک و شرمناک سازشوں کا مقابلہ کریں۔
اس اتحاد نے اعلان کیا کہ بحرین کے مستقبل کا فیصلہ بحرینی عوام ہی کر سکتے ہیں اور کسی کو اس سلسلے میں مداخلت کرنے کا حق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج اور انقلابی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آل خلیفہ حکومت احتجاجات کو کچلنے اور لوگوں کو گرفتار نیز ان کی شہریت منسوخ کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔