سلامتی کونسل افغانستان میں ایک وسیع البنیاد حکومت کی خواہاں
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ منعقدہ ایک نشست میں افغانستان جیسے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس نشست کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں ایک مستحکم حکومت کے قیام پر سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
اس نشست میں امریکہ، فرانس، برطانیہ اور روس کے وزرائے خارجہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ چین کے وزیر خارجہ نے بذات خود شرکت کی۔
اقوام متحدہ کے سیکریپٹری جنرل نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام مستقل رکن ممالک افغانستان میں لڑکیوں اور خواتین کے حقوق کا خیال کئے جانے کے خواہاں ہیں ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ افغانستان کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننا چاہئے اور اس ملک میں ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی ضرورت ہے کہ جس میں تمام اقوام کی نمائندگی شامل رہے۔