طالبان نے سخی زیارت گاہ کو بند کردیا
طالبان نے دارالحکومت کابل کی سب سے بڑی زیارت گاہ کو بند کردیا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کے مطابق مسلح طالبان نے کارتہ سخی نامی علاقے کے دامن کوہ میں واقع مشہور زیارت گاہ، درگاہ سخی کو بند کر دیا ہے اور کسی کو بھی وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
اگرچہ طالبان نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس زیارت گاہ کے احاطے میں واقع بعض قبروں پر کندہ قرآنی آیات کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔ درگاہ سخی کابل شہر کے تاریخی مقامات میں شامل ہے اور اہم ترین مذہبی اور تفریحی مقام شمار ہوتا ہے۔
سنی اور شیعہ دونوں اس درگاہ کے لیے خاص احترام کے قائل ہیں اور زیارت کے لیے وہاں جاتے ہیں۔ ہر سال نوروز کے موقع پر درگاہ سخی پر پرچم لہرانے کی خاص رسم ادا کی جاتی ہے جس میں ہزاروں افغان شہری شرکت کرتے ہیں۔
درگاہ سخی افغانستان میں جشن نوروز کی بھی علامت سمجھی جاتی ہے۔