غرب اردن اب صیہونیوں کی جولانگاہ نہیں رہا: جہاد اسلامی فلسطین
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی، فلسطینی جوانوں اور نابلس کی استقامت سے سمجھ جائیں گے کہ غرب اردن اب صیہونیوں کی جولانگاہ نہیں ہے۔
تحریک جہاد اسلامی کے رہنما داود شہاب نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں نابلس کی استقامت اور جوانوں کو سلام کرتا ہوں جو عزم محکم کے ساتھ جنگ کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں اور انتہاپسند صیہونیوں کی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
شہاب نے کہا کہ شہروں، پناہ گزیں کیمپوں اور دیہاتوں میں صیہونیوں کے خلاف بھرپور استقامت شروع ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا اور یہ استقامت صیہونیوں کی یلغار کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ پیر کی صبح بھی شہر نابلس میں نبی خدا حضرت یوسف (ع) کے مزار کے اطراف میں فلسطینیوں اور صیہونیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں دو صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔