فلسطینیوں کی شہادت پر حزب اللہ کا سخت رد عمل
لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ نے 5 فلسطینی مجاہدین کی شہادت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔
ارنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے بیان میں آیا ہے کہ اسرائیل کے اس قسم کے اقدام سے اس کی جارحیت پر مبنی اور دوغلی پالیسی سے پردہ اٹھ گیا ہے۔
حزب اللہ نے دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں استقامتی محاذ کی استقامت و مقاومت، ہوشیاری و بیداری اور صیہونیوں پر کاری ضرب لگانے اور انھیں جانی نقصان پہنچانے کی قدردانی کی۔
اس سے قبل فلسطین کی جہاد اسلامی نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کو متنبہ کیا تھا کہ غاصبوں کو اپنے کئے کی سزا مل جائے گی۔
اتوار کی صبح شمال مغربی بیت المقدس کے بیت عنان شہر اور غرب اردن کے شہر جنین اور برقین میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید ہو گئے۔ ہونے والی جھڑپوں میں 2 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔