Oct ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • قطر میں پہلی بار پارلیمانی انتخابات کا انعقاد

قطر میں پہلی بار تیس حلقوں میں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔

قنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر میں مقامی وقت کے مطابق سنیچر کو صبح آٹھ بجے سے پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے گئے اور پولنگ کا سلسلہ شام چھے بچے تک جاری رہا۔

قطر میں پہلی بار ہونے والے ان پارلیمانی انتخابات میں پینتالیس نشستوں میں سے تیس نشستوں کے لئے ووٹ ڈالیں جائیں گے۔ انتخابات میں اٹھائیس خواتین سمیت دو سو چوّن امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ پندرہ باقی ماندہ نشستوں کے لئے ممبران کا تعین، امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی خود کریں گے۔

قطر میں انتخابی مہم کا آغاز ستمبر کے وسط سے ہوا تھا جو دو ہفتوں تک جاری رہی اور ووٹنگ شروع ہونے سے ایک روز قبل اختتام پذیر ہوئی۔

 قطر کے آئین کے مطابق انتخابات میں صرف وہی افراد حصہ لے سکتے ہیں جو انیس سو تیس سے پہلے سے اس ملک کے شہری ہیں۔

تمام حلقوں میں انتخابی عمل کی نگرانی وزارت داخلہ اور وزارت انصاف کے ججوں اور نمائندوں کی سربراہی میں قائم وزراء کونسل پر مشتمل کمیٹیاں کر رہی ہیں۔

قانون بنانے کے لئے بل پیش کرنا، بجٹ منظور کرنا اور وزیروں کو اعتماد کا ووٹ دینا، قطر کی پارلیمنٹ کے جملہ فرائض ہیں تاہم خاص حالات میں امیر قطر تمام فیصلوں کو منسوخ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

ٹیگس