Oct ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۸:۱۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے فلسطینی کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ

غزہ میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے فلسطینی کسانوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی کسانوں نے اسرائیل کی جانب  سسے زرعی اشیاء کی برآمدات کو روکے جانے کے خلاف اجتماع کیا۔

فلسطین کے کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اشیاء غرب اردن بھجوانا چاہتے ہیں تاہم صیہونی حکومت اس راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

دوسری جانب نابلس میں 3 فلسطینی بچوں کو اسرائیل کے دہشتگرد فوجیوں نے گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد اسرائیل کی جاری جارحیت کے خلاف فلسطین کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

جنوبی نابلس کے جبل صبیح نامی علاقے کے فلسطینیوں نے ہر جمعے کی طرح  اس ہفتے بھی اس علاقے میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف احتحاجی مظاہرے کئے۔

غاصب صیہونی حکومت نے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے60 فلسطینی زخمی ہوئے۔

صیہونی حکومت نے مظاہرین کو ڈرون طیارے سے گیس بم کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران مظاہرین پر فائرنگ کرنے والا ایک ڈرون گرگیا جسے مشتعل مظاہرین نے کچل کر تباہ کر دیا۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر الخلیل پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں فلسطینی جوانوں سے ان کی جھڑپ ہوئی جس کے دوران صیہونیوں نے ان پر ساؤنڈ بم پھینکے۔

بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فوج تعینات کئے جانے اور سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود کل پچاس ہزار فلسطینیوں نے مسجد الاقصی میں نماز جمعہ ادا کی۔ صیہونی فوجیوں نے اس ہفتے غرب اردن ، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ پٹی میں 8 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔

ٹیگس