آل خلیفہ کی بربریت کے خلاف بحرینی عوام کا مظاہرہ۔ ویڈیو
آل خلیفہ کی جیل میں تشدد اور بربریت کا شکار ہو کر شہید ہونے والے بحرینی شہری علی قنبر کی حمایت میں مظاہرے ہوئے ہیں۔
بحرین کی بڑی سیاسی جماعت جمعیت الوفاق نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ جنوبی السہلہ اور النویدرات کے علاقے کے شہریوں نے علی قنبر سے اظہار وفاداری و یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے۔ اس رپورٹ کے مطابق مظاہرین، بحرین کے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ساتھ ہی مظاہرین نے ملک بدر کر دئے گئے اپنے قائد و رہنما شیخ عیسیٰ قاسم سے بھی اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔
بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے موروثی آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں تاہم آل سعود اور بعض مغربی ممالک کی حمایت یافتہ آل خلیفہ حکومت اپنے عوام انکے بنیادی حقوق دینے کے بجائے ان کی بہیمانہ سرکوبی پر کمربستہ ہے۔ انہی پالیسیوں کے تحت اب تک دسیوں نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر یا پھر بے بنیاد الزامات کے تحت سزائے موت دے کر شہید کر دیا گیا۔ اسکے علاوہ ایک بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی کارکن آل خلیفہ کی جیلوں میں سخت اور ناگفتہ بہ صورتحال کے ساتھ دن گزار رہے ہیں۔
آل خلیفہ کی جابر حکومت اب تک بحرین کے بزرگ شیعہ عالم دین شیخ عیسیٰ قاسم کے ساتھ ساتھ بہت سے دیگر شہریوں کی شہریت بھی سلب کر چکی ہے جبکہ ملک کا مذہبی توازن بگاڑنے کے لئے وہ حریت پسندانہ سوچ سے عاری اپنے من چاہے انتہاپسندانہ نظریات کے حامل دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو بڑی تعداد میں شہریت دے کر انہیں اپنے شہروں میں بسا رہی ہے۔