دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شامی مندوب کا اعلان
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ نےکہا ہےکہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔
نیوز چینل الاخباریہ کے مطابق ، اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بسام صباغ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت بحران کے خاتمے کے لیے جاری سیاسی کوششوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور غاصبانہ قبضے کے خلاف جنگ جاری رکھے گی۔
انہوں نے شامی عوام کے خلاف امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی ظالمانہ اور خود سرانہ پابندیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔
بسام صباغ نے کہا کہ شامی عوام کے خلاف امریکہ اور بعض مغربی ملکوں کی عائد کردہ پابندیاں اقوام متحدہ کے منشور اور تمام بین الاقوامی قراردادوں کے منافی ہیں کیونکہ اس کے نتیجے میں عام آدمی کو غذائی اشیا اور دواؤں سے محروم ہونا پڑ رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا کہ ، دہشت گرد گروہ اور ان کے حامی موجودہ بحران کے سیاسی حل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جنیوا میں آئین ساز کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر دمشق میں فوجی بس کے راستے میں کیا جانے والا دھماکہ اس کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعےکی مذمت میں ، سلامتی کونسل میں روسی بیان کو رکوانا، مغربی ملکوں کی جارحانہ سوچ ا ور دوہرے معیاروں کا بین ثبوت ہے۔