احمد مسعود طالبان کے خلاف مضبوط محاذ بنانے میں مصروف
طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ احمد مسعود اس وقت تاجکستان میں موجود ہیں۔
تاس نیوز ایجنسی کے مطابق افغانستان کے پنجشیر میں طالبان کے ترجمان کبیر واسق نے بتایا ہے کہ طالبان مخالف جنگجوؤں کی قیادت کرنے والے کمانڈر احمد مسعود اس وقت تاجکستان میں ہیں۔
طالبان کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً افغانستان کے ساتھ سرحد کا دورہ کرکے حریف گروہوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاہم ماضی میں کئی بار طالبان کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ احمد مسعود پنجشیر چھوڑ کر تاجکستان فرار ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان کے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد احمد شاہ مسعود نے پنجشیر میں رہنے والے طالبان مخالف جنگجوؤں کی قیادت کرتے ہوئے طالبان سے سخت مقابلہ کیا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ طالبان افغانستان کے مستقبل کے لیے بہت سنگین خطرہ ہیں۔ ان دنوں احمد مسعود نے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ ہم پنجشیر سے طالبان کے خلاف ایک مضبوط محاذ کے طور پر مزاحمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد احمد شاہ مسعود کے راستے پر گامزن رہوں گا۔
احمد مسعود نے خبردار کیا کہ طالبان کے زیر کنٹرول افغانستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کو فروغ دینے کا مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بات سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ طالبان نہ صرف افغانستان بلکہ پوری دنیا کے لیے سنگین مسئلہ بن جائیں گے۔