شام، باروی سرنگ کے دھماکے میں 7 سات افراد جاں بحق
شام کے صوبے حمص میں دہشت گردوں کی جانب سے بچھائی جانے والی بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں کم از کم سات افراد جاں بحق ہو گئے۔
رشا ٹودے کی رپورٹ کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے نگراں مرکز نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ الدعوہ کے علاقے میں بارودی سرنگ سے ایک کار کے ٹکرانے کے نتیجے میں ہوا جس میں سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو عورتیں، ایک چھوٹا بچہ اور چار مرد شامل ہیں۔
شام کے اس مرکز کا کہنا ہے کہ شمالی سلمیہ کے مضافاتی علاقے صبورہ میں بھی ہینڈ گرینیڈ کے ایک دھماکے میں ایک لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
شام میں انسانی حقوق کے نگراں مرکز کے اعلان کے مطابق شام کے مختلف صوبوں منجملہ حمص، حماہ، دیرالزور اور حلب سمیت مختلف دیگر علاقوں میں جنوری دو ہزار انیس سے اب تک مختلف طرح کے دھماکوں اور جنگ کے نتیجے میں تباہ حال عمارتوں کے ڈھے جانے کے نتیجے میں چھے سو چھبیس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں بیاسی عورتیں اور دو سو چوبیس بچے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان علاقوں سے پسپائی اختیار کرتے وقت دہشت گردوں نے زرعی اراضی سمیت مختلف علاقوں میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں جن سے اس قسم کے جانی نقصانات ہو رہے ہیں۔