ہندوستان کی غذائی اشیاء افغانستان پہنچانے میں پاکستان مدد کرے گا
افغانستان کی طالبان عبوری حکومت کی درخواست پر پاکستان کے راستے ہندوستان کا گندم افغانستان برآمد کیا جائے گا۔
رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ افغانستان کی طالبان حکومت کے عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اور ان کے ہمراہ وفد کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں خوراک اور غذائی اشیا کی مشکلات کم کرنے کے لئے ان کا ملک افغانستان کے لئے ہندوستان کی غذائی اشیا منجملہ گندم، چاول اور اسی طرح ضروری طبی وسائل و آلات کی منتقلی کے لئے تیار ہے۔
عمران خان نے کہا کہ طالبان کی درخواست پر انھوں نے پاکستان کے راستے افغانستان کے لئے ہندوستان کے گندم اور بنیادی ضرورت کی دیگر اشیا کی استثنائی طور پر منتقلی کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت عالمی برادری کے ساتھ اپنی مفاہمت کا عمل بدستور آگے بڑھاتی رہے گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے لئے ہنگامی امداد میں سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عمران خان نے اسی طرح افغانستان کے منجمد کئے گئے اثاثوں کی فوری آزادی اور اس ملک کی معیشت کو تباہی سے بچانے کے لئے سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔