Nov ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • افغانستان کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ نے افغانستان کی صورتحال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک انسانی المیے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی ڈیبورا لائینز نے کہا ہے کہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور انسانی جانوں کے تلف ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ڈیبورا لائینز نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے اور عالمی برادری اور خطے کے ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان کی مدد کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے تسلط کے بعد ، افغان عوام محسوس کرتے ہیں کہ انہیں بھلا دیا گیا ہے اور انہیں اس جرم کی سزا دی جارہی ہے جس کا ارتکاب انہوں نے نہیں کیا ہے۔افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی نے مزید کہا کہ افغان عوام کو یہ احساس نہ ہونے دیا جائے کہ طالبان کے تسلط کی وجہ سے انہیں عالمی برادری یا اس کے رکن ملکوں کی جانب سے فراموش کردیاگیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس بحران کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے داعش کے مقابلے میں طالبان کی توانائیوں پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ، داعش کے خلاف جنگ اور انتہا پسندی پر قابو پانے کے تعلق سے طالبان کی طاقت و توانائی کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی برائے افغانستان نے، پابندیوں کو، افغانستان میں انسانی بحران کی اصل وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ، اس بحران کو اب بھی روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں نے افغانستان کے بینکاری نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے اور اس ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک کروڑ نوے لاکھ افغان شہری یعنی افغانستان کی سینتالیس فی صد آبادی کو رواں سال ستمبر اور اکتوبر کے دوران شدید غذائی بدامنی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسی دوران طالبان کی وزارت خارجہ نے امریکی کانگریس کے نام ایک خط میں ، امریکہ میں روکے گئے افغان اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے بیس سال تک جنگ، قتل، عدم استحکام اور بدامنی پھیلانے کے بعد افغانستان سے اچانک پسپائی اختیار کرلی ہے، افغانستان کے عوام کی اکثریت اپنے ملک کی موجودہ صورتحال کو امریکہ کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے رہی ہے۔

 

 

ٹیگس