شیخ فادی کی شہادت پسندانہ کارروائی، استقامت کی تاریخ میں فیصلہ کن ہے: فلسطینی رہنما
فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے جنرل سکریٹری نے شیخ فادی ابو شخیدم کی شہادت پسندانہ کارروائی کو استقامت کی تاریخ میں فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا ہے۔
زیاد النخالہ نے فادی ابو شخیدم کی اتوار کے روز مقبوضہ قدس میں انجام دی گئی شہادت پسندانہ کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
المنار ٹی وی چینل کے مطابق، زیاد النخالہ نے پیر کے دن شہید فادی کے گھر والوں سے ٹیلیفون پر انہیں تعزیت پیش کی اور کہا: ”مسجد الاقصی کے دفاع میں شیخ فادی نے جو کارروائی کی وہ جہاد کی تاریخ اور استقامت کے راستے میں بہت اہم موڑ ہے۔ “
فلسطین کی اسلامی جہاد تحریک کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ غاصب فوجیوں اور ناجائز طور پر بسائے گئے صیہونیوں کے حملوں کے مقابلے میں قدس کے دفاع کے لئے شہید فادی ابو شخیدم جیسے لوگوں کی ضرورت ہے جنہوں نے مسجد الاقصی کے دروازوں کے مقابلے میں صیہونی حکومت کی سکورٹی کو چکناچور کر دیا۔
زیاد النخالہ نے کہا کہ استقامت سبھی طریقوں خاص طور پر مسلحانہ طور پر جاری ہے اور سرزمین فلسطین اور اسکے مقدسات کی آزادی اور ناجائز قبضے سے نمٹنے کا بہترین راستہ استقامت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کے روز مقبوضہ قدس میں فلسطین کی اسلامی استقامتی تنظیم حامس کے رکن فادی ابو شخیدم نے شہادت پسندانہ کارروائی کی جس میں ایک غاصب صیہونی ہلاک اور تین صیہونی فوجی سمیت 4 لوگ زخمی ہوگئے۔