کابل میں شدید دھماکہ، تفصیلات کا انتظار
افغانستان کے دار الحکومت کابل میں ایک بار پھر شدید دھماکہ ہوا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دار الحکومت کابل کے کارته پروان نامی علاقے میں یہ دھماکہ رونما ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جائے وقوعہ کے نواحی علاقوں میں شدید آواز سنی گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طالبان کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لئے یہ دھماکہ کیا گیا۔ دھماکے کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ میگنیٹ بم سے کیا گیا تھا۔
اس دھماکے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہيں ہوئی ہے۔ طالبان نے بھی اس بارے میں ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
خبر لکھے جانے تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہيں کی تھی حالانکہ ماضی میں اس طرح کے دھماکوں کے بعد دہشت گرد گروہ داعش کی جانب سے ان کی ذمہ داری قبول کی جاتی رہی ہے۔
دو دن پہلے بھی کابل میں طالبان کی ایک گاڑی کو نشانہ بنانے کے لئے مقناطیسی بم کا استعمال کیا گیا تھا جس کی وجہ سے طالبان کے دو رکن بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔