لاذقیہ کی بندرگاہ پر اسرائیل کا حملہ
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام کے ساحلی شہر لاذقیہ کی بندرگاہ کے قریب بعض اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
دمشق میں سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے منگل کی صبح سویرے شمال مغربی شہر لاذقیہ کی بندرگاہ پرواقع کمرشل کنٹینر ٹرمنل کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے بعد شام کے ایئرڈیفنس سسٹم کو دشمن کے حملے کی روک تھام کے لیے پوری طرح فعال کردیا گیا ہے۔
شامی حکومت بارہا کہہ چکی ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی اور مغربی اتحادی دمشق کے خلاف جنگ میں دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
شامی فوج نے متعدد بار اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسرائیلی ساخت کے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیے ہیں۔
اسرائیل کے جنگی طیارے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یا مقبوضہ جولان کے راستے ، مشرقی اور شمالی شام پر حملے کرتے رہتے ہیں۔