Dec ۱۰, ۲۰۲۱ ۲۱:۱۶ Asia/Tehran
  • بغداد کے گرین زون میں عوامی مظاہرے

عراقی عوام نے بغداد کے گرین زون میں مظاہرے کرکے ملک میں ہونے والے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عراقی ذرائع کے مطابق ہزاروں افراد جمعے کی ادائیگی کے بعد بغداد کے گرین زون کی سیکورٹی بیلٹ کے قریب جمع ہوئے اور انہوں نے انتخابی نتائج کو منسوخ کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ اس موقع پر بغداد کے گرین زون کی فضاؤں میں امریکی جنگی ہیلی کاپٹروں کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

کہا جارہا ہے کہ بعض مظاہرین نے گرین زون کے اطراف میں نصب کنکریٹ کے اونچے اونچے بلاکوں کو پھلانگنے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عراقی قبائلی عمائدین بھی بغداد کے گرین زون کے قریب ہونے والے مظاہرے میں شریک تھے اور انتخابی نتائج کی منسوخی اور اپنے حقوق واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

بغداد کے گرین زون کے قریب مظاہرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے امریکی ہیلی کاپٹروں نے فضا میں پروازیں بھریں اور لوگوں کوخوفزدہ کرنے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ عراق میں پارلیمانی انتخابات دس اکتوبر کو ہوئے تھے تاہم متعدد سیاسی جماعتوں، نامزد امیدواروں اور ان کے حامیوں نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کو مسترد اور انہیں شفاف بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔  

 

ٹیگس